سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف تقریباً ڈھائی ماہ کے بعد آج احتساب عدالت کے منتظم جج جواد الحسن کے رو برو پیش ہوں گے۔ ان کے خلاف نیب نے آشیانہ اقبال اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیسز میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد شہباز شریف کی ان سے احتساب عدالت میں پہلی ملاقات ہوگی جبکہ شہباز شریف سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نواز شریف سے ملاقات کیلئے بھی جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر ہدایات لیں گے۔ نواز شہباز ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مستقبل قریب میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے یا احتجاج کرنے سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت اور اس کے ایجنڈے پر بھی غور ہوگا جبکہ حالیہ بجٹ سے مہنگائی کی لہر اور عوام کو اس سے بچانے کیلئے بجٹ میں تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2WFS4Wc
0 comments: