Saturday, May 4, 2019

قندیل بلوچ قتل کیس میں اہم پیش رفت

قندیل بلوچ
قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث قندیل بلوچ کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملتان پولیس کے مطابق انٹرپول کے ذریعے قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم عارف کو سعودی عرب کے شہر جدہ سے اس کے کفیل کی مدد سے گرفتارکیا۔

ملزم عارف پر الزام تھا کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا، جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے۔ دوسری جانب قندیل بلوچ کی والدہ انور بی بی نے کہا کہ میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے، مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کہ گرفتاری کے بعد عارف کو کہاں رکھا گیا ہے، عارف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہو گی۔

قندیل کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف سعودی عرب سے عارف کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی۔

قندیل بلوچ کے بھائی عارف کے خلاف پی پی سی کی شق 109 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی لیکن عارف گذشتہ تین برس سے گرفتاری کے ڈر سے سعودی عرب میں مقیم تھا۔ واضح رہے کہ ماڈل قندیل بلوچ کو 16 جولائی 2016ء کی شب ملتان کے علاقہ مظفر آباد میں قتل کر دیا گیا تھا ۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2DPhGcn

0 comments:

Popular Posts Khyber Times