Saturday, May 25, 2019

چین کے نائب صدر تین روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

چین کے نائب صدر وانگ کشان
چین کے نائب صدر وانگ کشان پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تین روزہ دورے کے دوران وہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔

پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کریں گے اور منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

چین کے نائب صدر کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوستانہ اور گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔

چین کے نائب صدر کے اس دورے سے موجودہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے کثیر جہتی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں کا تسلسل ہے جن میں گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم کے چین کے دورے اور رواں سال اپریل میں بیجنگ میں ایک خطہ ایک شاہراہ فورم کے دوسرے اجلاس میں ان کی شرکت کے بعد سے مزید تیزی آگئی ہے۔

ادھر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کے نائب صدر وانگ کشان کے پاکستان کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفد کے تبادلوں میں اضافہ ہوگا جس سے دوستی اور باہمی اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیشرفت میں بھی مدد ملے گی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان چین کی سفارتکاری میں ترجیحی ملک ہے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنا رہے ہیں اور عالمی اور علاقائی امور میں قریبی روابط کو فروغ دے رہے ہیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/30Nj354

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times