Sunday, May 19, 2019

جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ کیا جائے گا، نیب کی وابستگی ریاست کے ساتھ ہے حکومت کے ساتھ نہیں: چیئرمین نیب

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ جمہوریت احتساب کی وجہ سے خطرے میں نہیں آتی، اعمال کی وجہ سےآتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ مجھے نہ کسی سے کوئی گلہ ہے نہ کوئی شکایت ہے، جب سے عہدہ سنبھالا میں نے کسی سے کوئی گلہ نہیں کیا، عدلیہ سے زندگی شروع کی اور میرا کیریئر کھلی کتاب کی طرح ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں تاہم نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کہا جارہا ہے معیشت کی زبوں حالی میں نیب کا ہاتھ ہے جب کہ نیب کا کام بزنس کمیونٹی کوتحفظ دینا ہے، موجودہ معاشی بحران حکومتی بحران کے بجائے قومی بحران ہے تاہم معیشت کی زبوں حالی میں نیب کا کوئی عمل دخل نہیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات اور پبلک آفس ہولڈر میں فرق کرنا ہوگا جب کہ کسی بزنس مین کو کبھی ہراساں نہیں کیا گیا، نیب کا ہر قدم ملک کے مفاد میں ہے، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہی کروں گا، وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو کہتے ہیں کہ نیب کو کوئی ڈکٹیٹ کرسکتا ہے تاہم نیب کسی دھمکی اور خوف کی پروانہیں کرتا جب کہ جمہوریت احتساب کی وجہ سے خطرے میں نہیں آتی بلکہ اعمال کی وجہ سے آتی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، ملک کو ہمیشہ قائم و دائم رہنا ہے، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ کیا جائے گا، نیب کی وابستگی ریاست کے ساتھ ہے حکومت کے ساتھ نہیں، وہ دن گزر گئے جب پوچھ گچھ نہیں تھی، حکومت سے ڈکٹیشن لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہا جاتا ہے پبلک کے نمائندوں کے خلاف صحیح انکوائری نہیں ہوتی، جنہیں پکڑا جاتا ہے ان سے تفتیش کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہفتوں کوشش کی جاتی ہے، کبھی اجلاس بلالیا جاتا ہے اور کبھی کمیٹیوں کی میٹنگز ہوتی ہیں، احتساب کی وجہ سے کبھی جمہوریت خطرے میں نہیں آتی، جمہوریت اعمال کی وجہ سے خطرے میں آتی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا ہوا ہے جس میں منی لانڈرنگ بھی وجہ ہے، جب پاکستان کا مسئلہ عالمی سطح پر ہوگا تو نیب ان چند لوگوں کی پرواہ نہیں کرے گا، الزام تراشی اپنی جگہ لیکن ملک کا مفاد اپنی جگہ ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2Vz39aR

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times