Saturday, May 4, 2019

فیلڈنگ میں نکھار لانے کیلئے پاکستانی پلیئرز نے منفرد حربہ اپنا لیا

فیلڈنگ میں نکھار لانے کیلئے پاکستانی پلیئرز نے منفرد حربہ اپنا لیا
انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی سے قبل فیلڈنگ میں نکھار لانے کیلئے پاکستانی پلیئرز نے فیلڈنگ ڈرلز سے لہو گرمایا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین واحد ٹی ٹوئنٹی اتوار کو کھیلا جائے گا، کارڈف میں موجود گرین شرٹس نے گذشتہ روز پہلا پریکٹس سیشن کیا جس میں بیٹسمینوں نے دل کھول کر اسٹروکس کھیلے، بیشتر گیندیں نیٹ سے ٹکراکر نیچے آتی رہیں،فخرزمان اور بابر اعظم بڑی اچھی فارم میں نظر آئے اور بولرز کی کمزور گیندوں پر شاٹس کھیلتے رہے،حارث سہیل اور آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپنائے رکھا، تمام بیٹسمینوں نے باری باری پیسرز اور اسپنرز کا سامنا کیا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور غلط اسٹروکس کی نشاندہی کرتے نظر آئے، لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کلائی کا زیادہ استعمال کرنے کیلیے خصوصی مشقیں کرتے ہوئے معمول سے زیادہ رفتار کے ساتھ بولنگ کی۔
پیسرز نے بھی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف بھرپور اسپیڈ سے گیندیں کرائیں بلکہ بائونس کے بہتر استعمال میں مہارت بہتر بنانے کیلیے بھی سرگرم رہے۔

اظہر محمود لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے مشورے دیتے رہے، فہیم اشرف اور حسن علی نے طویل اسپیلز کیے۔

قبل ازیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے حوصلہ بڑھایا، منفرد فیلڈنگ ڈرلز سے بھی لہو گرمایا گیا،مختصر دوڑ کے اختتام پر کوئی کوچ اچانک دائیں یا بائیں ہوکر راستہ روکنے کی کوشش کرتا، کھلاڑی کو فوری اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے منزل تک پہنچنا پڑتا، رکاوٹوں کے اوپر اور درمیان سے گزارنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2PK4HNX

0 comments:

Popular Posts Khyber Times