Tuesday, April 2, 2019

وفاقی کابینہ نے غربت کے خاتمے کے لیے نئے ڈویژن کے قیام کی منظوری دی

وفاقی کابینہ نے غربت کے خاتمے کے لیے نئے ڈویژن کے قیام کی منظوری دی
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں منگل کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس میں سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے ڈویژن کے نام سے ایک نئے ڈویژن کے قیام کی باضابطہ منظوری دی۔

کابینہ کے فیصلوں کے بار ے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈویژن کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہوں گی اور یہ نئے شروع کیے گئے پروگرام ''احساس'' کے تحت مختلف اداروں کے کام کو مربوط کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے کے نئے پروگرام میں صحت کارڈز کی فراہمی اور کم آمدنی والے افراد کیلئے کم قیمت گھروں کی سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح الفاظ میں کہا کہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادار لوگوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں زکوٰة اور پاکستان بیت المال کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے جبکہ سماجی بہبود کے نئے پروگرام کے تحت نئے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے سابقہ فاٹا میں کام کرنے والی خاصہ دار اور دیگر فورسز کیلئے ستاون ارب تیس کروڑ روپے کے بجٹ کی بھی منظوری دی۔ا

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کونسل کی طرف سے کیے جانے والے فیصلوں کی منظوری دی۔فوادی چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے گندم' کپاس اور چاول کے بارے میں ایک مکمل لائحہ عمل اور ان اجناس کیلئے خریداری پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ زرعی شعبے کو فائدہ پہنچ سکے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے دس لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گاڑیوں کی قیمتیں مقرر کرنے کیلئے ایک جامع پالیسی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کوششوں کی بدولت گنے کے کاشتکاروں نے پہلی بار اپنی فصل کی قیمت بروقت وصول کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان میں آئی پی ایل کے میچ نشر کرنے پر پابندی کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی کرکٹ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا۔انہوں نے کہا کھیل، ثقافت اور شوبز کی دیگر سرگرمیوں کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے لیکن بھارت نے ہمارے کھلاڑیوں اور فنکاروں کے خلاف جارحانہ رویہ اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی چینل نے پی ایس ایل میچوں کی نشریات روک کر پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اب پیمرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ آئی پی ایل کے میچ پاکستان میں نشر نہ ہوں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان معدنی ترقیاتی کارپوریشن ، تیل، گیس کے ترقیاتی ادارے سوئی سدرن گیس پائپ لائن،اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن کے بورڈوں کی تشکیل نو کی گئی ہے۔شمس الدین شیخ کو PMDC اور قمر جاوید اشرف کو OGDC کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ڈاکٹر شمشاد اختر کو سوئی سدرن گیس پائپ لائن کا سربراہ اور سید دلاور عباس کو سوئی ناردن گیس پائپ لائن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

کابینہ نے مختلف بینکنگ کورٹس کے ججوں کی بھی منظوری دی جبکہ احسن عرفان خان کو آئی پی او پالیسی بورڈ سے برخواست کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ارشد ملک کی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کرنے کی منظوری دی۔فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے وژن ایئر انٹرنیشنل کے لائسنس میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دی۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر صنعتوں اور دوسرے شعبوں کی ترقی کیلئے نئے اقتصادی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح وزیر توانائی عمر ایوب خان توانائی کے بارے میں نیا لائحہ عمل پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔ 18 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کی صورت میں اعلیٰ تعلیم اور صحت کے بارے میں ترمیم کی بعض شقوں میں ترمیم کی جاسکتی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام وقت کا تقاضا ہے اور ان عدالتوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے متفق ہونے پر فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔بھارت کے جارحانہ عزائم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی کو اپنی پالیسی پر پھر غور کرنا چاہیے کیونکہ وہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اور بھارتی عوام بھی ان کی باتوں پر کان نہیں دھرتے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2TRRenE

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times