
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ جہانگیر ترین انتخاب سے باہر ہوئے ہیں پی ٹی آئی ورکرز کے دلوں سے نہیں، پی ٹی آئی اگر حکومت میں ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ جہانگیر ترین ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت وزیرِ اعظم عمران خان کی خواہش پر ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اکابرین کو وزیر اعظم کی خواہش کا احترام کرنا چاہیے، جہانگیر ترین کے خلاف عدالتی فیصلہ بد قسمتی تھی، وہ انتخابات سے باہر ہوئے لیکن پی ٹی آئی کے ورکرز کے دلوں سے نہیں۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سمیت ہم سب کے دلوں میں جہانگیر خان ترین کی بہت قدر ہے۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے جہانگیر ترین کی خدمات قابل تحسین ہیں، نا اہلی کے فیصلے کے باوجود جہانگیر ترین اپنا زیادہ وقت پارٹی کو دیتے ہیں، ان کی پارٹی سے وفاداری قابل تحسین ہے۔
خیال رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین پر تنقید کی، کہا حکومتی اجلاس میں ان کی شرکت سے چیف جسٹس کے فیصلے کی تضحیک ہوتی ہے، نا اہل نواز شریف کے لیے علیحدہ اور جہانگیر ترین کے لیے علیحدہ قانون نہیں ہو سکتا۔
اس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا ’صرف ایک شخص ہے جسے لیڈر مانتا اور اس کے سامنے جواب دہ ہوں، جہاں بھی جاتا ہوں وزیر اعظم کی خواہش پر جاتا ہوں۔‘
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Uc9u08
0 comments: