Monday, March 25, 2019

یورپی یونین سے نئے اسٹریٹجک تعلقات کا معاہدہ طے پا گیا: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور یورپی یونین میں نئے اسٹریٹجک تعلقات کا معاہدہ طے پا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر بات ہوئی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے نئے اسٹریٹجک تعلقات کا معاہدہ طے پا گیا، یورپی یونین اور تحریک انصاف حکومت کی پالیسیوں میں مماثلت ہے۔ ملاقات میں انتہائی مثبت اور مفید بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے نیشنل ایکشن پلان، انتہا پسندی اور افغان امن عمل سے متعلق بات ہوئی۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاشی و سماجی شعبے میں تعلقات کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ سے کسی بھی مسئلے کا حل ممکن نہیں، پاکستان نے موجودہ صورتحال میں ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے بھارت سے کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کیے۔ ’بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور صرف مذاکرات سے حل ہوسکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پھیلے اسلامو فوبیا پر تشویش ہے، یورپی یونین کو استنبول میں کانفرنس کے اعلامیے سے آگاہ کیا، سانحہ نیوزی لینڈ بہت افسوسناک تھا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جی ایس پلس کا درجہ ملنے سے ہماری تجارت دگنی ہوگئی، یورپی یونین کی طرف سے ملی سہولت 2023 تک ہے۔ ہم یورپی یونین کی طرف سے ملی سہولت کو پوری طرح استعمال کریں گے۔ ‘دو بڑی یورپی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں‘۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا، پاکستان میں انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق سے متعلق بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا، علم ہے لاکھوں افغان شہریوں کی مہمان نوازی ایک چیلنج ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، ’پاکستان کا کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار رہا‘۔

فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں پاکستانیوں کی شہادت پر افسوس ہے، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دنیا میں کسی بھی عبادت گاہ پر حملہ ہم سب پر حملہ ہوتا ہے۔ اسلامو فوبیا صرف مسلمانوں نہیں ہمارے لیے بھی خطرہ ہے، اسلامو فوبیا پر نہ صرف او آئی سی بلکہ اقوام متحدہ میں بھی کام کرنے کو تیار ہیں۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی آج ہی پاکستان پہنچی ہیں۔ دورے کے دوران ان کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2FzYQYg

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times