Saturday, February 2, 2019

امیر، غریب کیلئے قانون برابر ہونے تک حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا یہ مشن ہے کہ وہ امیر اور غریب کے لیے قانون میں تفریق کو ختم کرے گی اور جب تک ایسا نہیں ہوگا حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی۔

گجرانوالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 'آج تمام اسلامی ممالک کی قیادت پاکستان کو ایک اہم سیاسی کردار کے طور پر دیکھ رہے ہیں، یہ عمران خان کی قیادت ہے جس نے 6 ماہ میں پاکستان کو ایک موثر طاقت بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی، گزشتہ دس سالوں میں پاکستان کے کُل قرض کا 84 فیصد حصہ لیا گیا، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومتوں سے ان قرضوں کا حساب مانگا جائے تو کہا جاتا ہے کہ جمہوریت خطرے میں آگئی، اس اپوزیشن کا وہی حال ہے جو جیل میں ادا کی جانے والی نماز کا ہوتا ہے جہاں قاتل اذان دے رہا ہوتا ہے، ڈاکو امامت کرتا ہے اور چور پیچھے نماز ادا کر رہے ہوتے ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ شروع سے ہی ایک ہیں، چور پہلے بھی اکٹھے تھے اب بھی ہیں، جو پیسے ملک کے مختلف شہروں میں لگنے تھے وہ لندن اور دبئی سے برآمد ہوئے، ان دونوں جماعتوں نے پاکستان کو مذاق بنا کر رکھا ہے، کہہ رہے ہیں کہ حاجیوں کو سبسڈی نہیں دے رہے، ان لوگوں نے غریبوں کی جیب میں چھوڑا کیا ہے کہ ان کی جیبوں سے پیسے نکال کر دوسروں کو سبسڈی دے سکیں۔'

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں بنی گالا میں ذاتی خرچے پر رہ رہے ہیں، وزرا عیاشیاں نہیں کر رہے، پوری حکومت خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہے۔'

نواز شریف اور شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'نواز شریف کو پاکستان کے ہسپتالوں میں علاج کروانا پسند نہیں آرہا جبکہ جس طرح کی جیل انہیں، شہباز شریف اور سعد رفیق کو ملی ہوئی ہے نصف پاکستانی ایسی جیل میں جانا چاہیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'شہبازشریف پروڈکشن آرڈر کی بدولت منسٹرز انکلیو میں رہ رہے ہیں، سعد رفیق بھی پروڈکشن آرڈر کے باعث منسٹر انکلیو میں رہ رہے ہیں، جبکہ نواز شریف جیل جاتے ہی بیمار ہوگئے اور اب ہسپتال میں ہیں۔'

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 'سچ تو یہ ہے کہ پاکستان میں غریب اور امیر کے لیے قانون الگ الگ ہیں لیکن تحریک انصاف کا یہ مشن ہے کہ وہ امیر اور غریب کے لیے قانون میں تفریق کو ختم کرے گی اور جب تک ایسا نہیں ہوگا حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی۔'



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2ToZN9X

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times