Monday, February 18, 2019

سام سنگ کے پہلے ایک ٹیرا بائیٹ اسٹوریج والے فون کی قیمت سامنے آگئی

گلیکسی ایس 10 پلس
چند ماہ پہلے یہ لیک سامنے آئی تھی کہ سام سنگ گلیکسی ایس 10 پلس دنیا کا پہلا 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون ثابت ہوگا، ابھی کسی اور کمپنی نے ایسی ڈیوائس پیش نہیں کی ہے۔

اس کے بعد اس لیک کی تصدیق ہوتی چلی گئی اور اب جب سام سنگ کے لیے فلیگ شپ فون متعارف کرانے میں 2 دن رہ گئے ہیں، چین میں اس کی قیمت کے حوالے سے لیک سامنے آگئی ہے۔

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کم از کم 3 مختلف ورژن میں متعارف کرایا جائے گا اور یہ جنوبی کورین کمپنی کی طاقتور ترین ڈیوائس بھی ہوگی جس کا عندیہ مہینوں سے سامنے آنے والی لیکس اور افواہوں سے ہوتا ہے۔ اور یہ تو واضح ہے کہ 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج سے لیس فون دوسروں سے بہت زیادہ مہنگا ہوگا۔

اسمارٹ فونز لیکس کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے گلیکسی ایس 10 پلس کے مختلف ورژن کی قیمتوں کا اسکرین شاٹ ٹوئیٹ کیا ہے جس میں چین میں اس فون کی قیمتوں کو دیا گیا ہے۔

اس ٹوئیٹ کے مطابق 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون 10 ہزار چینی یوآن (2 لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا جو کہ یورپ کے حوالے سے لیک قیمتوں سے کم ہے۔ ٹوئیٹ کے مطابق 8 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا ورژن 9 ہزار یوآن (ایک لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اس کے مقابلے میں رواں ماہ کے آغاز میں ایک ٹوئٹر صارف نے یورپ میں گلیکسی ایس 10 پلس کے مختلف ورژن کی جو قیمتیں لیک کی تھیں وہ کچھ یوں تھیں 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 999 یورو (ایک لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی/ 512 جی بی اسٹوریج 1249 یورو (ایک لاکھ 98 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی/ ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون 1499 یورو (2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

پاکستان میں اس فون کی قیمت کیا ہوگی کچھ کہنا مشکل ہے کیونکہ یہاں عام طور فلیگ شپ فون دیگر مارکیٹوں کے مقابلے میں کچھ مہنگے ہی ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ سام سنگ 20 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران اپنے فلیگ شپ سیریز کے فونز کو متعارف کرائے گی جو کہ صارفین کو 8 مارچ تک دستیاب ہوگا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2BDMo7i

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times