Saturday, February 2, 2019

طاقتور سوشل میڈیا نے ایک نوآموز مصور کی زندگی بدل دی

طاقتور سوشل میڈیا نے ایک نوآموز مصور کی زندگی بدل دی
یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ سوشل میڈیا اس دور کی وہ طاقت ہے جو چند لمحوں میں کسی بھی فرد کی زندگی بدل سکتا ہے۔

اور ایسا ہی کچھ امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ ہوا جن کی ایک پینٹنگ آن لائن پوسٹ ہونے کے بعد ایک ایسے ٹرینڈ کا باعث بن گئی جو انتہائی دلچسپ ہے۔ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ایک ٹیچر سینڈی ڈیکر نے حال ہی میں ایک مصوری کی کلاس میں شمولیت اختیار کی اور ایک پینٹگ پر کام کیا۔

ان کے بیٹے میتھیو نے ماں کے ہاتھوں میں موجود پینٹنگ کی تصویر لی اور اسے سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ پر ان الفاظ کے ساتھ شیئر کیا ' میری ماں نے اسے پینٹ کیا اور ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اسے پسند نہیں کرے گا۔ یہ ان کی دوسری پینٹنگ ہے'۔

مگر سینڈی کا خیال غلط ثابت ہوا کیونکہ 24 ہزار سے زائد افراد نے اپ ووٹ یا یوں کہہ لیں اسے لائیک کیا جس نے میتھیو اور سینڈی کو پرجوش کردیا۔ مگر اس کے بعد جو ہوا وہ اس سے بھی زیادہ زبردست ثابت ہوا۔

اگلے دن سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے ایک آرٹسٹ کرسٹوفر زیٹرسٹرینڈ نے اس پوسٹ کو دیکھا تو انہیں ایک خیال آیا کہ سینڈی ڈیکر کو اپنی پینٹنگ تھامے پینٹ کردیں۔ انہوں نے بھی یہ تصویر ریڈیٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ' میں نے کسی کی ماں کو پینٹ کیا'۔ اور پھر ایک آرٹ چین کا آغاز ہوگیا جو انٹرنیٹ پر چھاگیا۔

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک جرنلزم اسٹوڈنٹ لیلی عامر نے اس خیال کا حصہ بنتے ہوئے کرسٹوفر کی تصویر کو پینٹ کیا جس میں وہ سینڈی ڈیکر کی تصویر تھامے کھڑے تھے اور ریڈیٹ پر لکھا 'کچھ وقت لگا اور پرفیکٹ نہیں، مگر میں نے اس شخص کو پینٹ کیا جس نے کسی اور شخص کی ماں کو پینٹ کیا'۔

اس کے بعد شکاگو کے رہائشی سیمس ورے نے لیلی عامر کی تصویر پوسٹ کی۔ اس کے بعد اس منظرنامے میں ٹریسی سیتھرے داخل ہوئیں اور ان کے بعد ٹریوس سمپسن نے رات بھر جاگ کر اس ٹرینڈ کا حصہ بننا پسند کیا۔

واشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کرسٹوفر زیٹرسٹرینڈ نے اسے 'مضحکہ خیز اور عجیب' قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں دنیا بھر سے اب تک ہزاروں پیغامات مل چکے ہیں اور اندازہ ہے کہ لاکھوں افراد نے اس پینٹنگ کو دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا 'متعدد افراد نے مجھ سے رابطہ کرکے بتایا کہ یہ دیکھ کر وہ دل سے خوش ہوئے، یہ دل کو چھولینے والا ہے'۔

جہاں تک سینڈی ڈیکر کے ردعمل کی بات ہے تو انہوں نے ریڈیٹ میں آئی ایم دی مام ہو پینٹس کے نام سے شمولیت اختیار کرکے اپنے نئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا ' مجھے ڈر تھا کہ مجھے متعدد نفرت انگیز کمنٹس پڑھنے پڑیں گے، مگر آپ سب نے مجھے غلط ثابت کردیا، میں آپ میں سے بیشتر کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتی ہوں اور آپ سب ہمدرد، خیال کرنے والے اور تفریح پسند کرتے ہیں۔ میری حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ، آپ سب نے مجھے متاثر کیا'۔

اس آرٹ چین پر اب تک متعدد تصاویر سوشل میڈیا گردش کررہی ہیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2S6y8Oz

0 comments:

Popular Posts Khyber Times