Friday, February 15, 2019

پولیو کے مزید دو نئے کیسز سامنے آگئے

رواں سال پولیو کی تعداد چار تک پہنچ گئی
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے۔

بابر بن عطا نے تصدیق کی کہ خیبرپختونخواہ کے علاقے ہنگو میں چار ماہ کی بچی اور لاہور کے علاقے شالیمار ٹاؤن کے 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اُن کا کہنا تھاکہ رواں برس رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد اب تک چار ہوچکی ہے۔ وزیر صحت پنجاب کو کیس کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

جلد لاہور کا دورہ کر کے تحقیقات کروں گا۔ بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ لاہور کے تفصیلی دورے میں پولیو کیسز کے حوالے سے مکمل اور جامع تحقیقات کی جائیں گی۔

غفلت کے مرتکب پولیو رضاکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں انسداد پولیو کی نئی حکمت عملی جلد وضح کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستانی پولیو ورکرز کی سخت سردی کے موسم میں سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلتے ہوئے پولیو ویکسین پلانے کے لیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔

جسے وزیر اعظم عمران خان اور عالمی اداروں نے سراہا تھا۔ بعد ازاں ایبٹ آباد کے پولیو رضاکاروں کے جذبے اور لگن کا بھی چرچا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی ادارہ صحت پولیو لیبارٹری نے بنوں کے 2 سالہ اور ضلع باجوڑ کے 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ مختلف شہروں کے سیوریج سے نمونے دسمبر 2018 میں لیے گئے تھے جن کے نتائج کچھ روز قبل جاری کیے گئے۔

نتائج کے مطابق کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ کراچی کے علاقے گڈاپ اور کورنگی جبکہ پشین، قلعہ عبد اللہ اور بنوں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائر کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

دوسری جانب پاکستان میں سال 2019 کی پہلی انسداد پولیو مہم میں 99 فیصد ہدف پورا کیا گیا تھا۔

پاکستان نے گزشتہ 2 برس میں انسداد پولیو کے لیے بہترین اور منظم اقدامات اٹھائے جن کے باعث ان 2 سالوں میں پولیو کیسز کی شرح میں خاصی کمی آئی ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2tleY91

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times