Thursday, January 3, 2019

ریلوے خسارہ کیس: ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت سے روک دیا گیا

سپریم کورٹ نے وفاق و صوبوں کی ریلوے اراضی سے متعلق معاملہ نمٹا دیا
سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت اور 5 سال سے زائد لیز پر دینے سے روک دیا، ریلوے کو کوئی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے سے بھی روک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ سماعت میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریلوے کی زمین وفاق کی ملکیت ہے، صوبے ریلوے کی اراضی استعمال کر سکتے ہیں مگر بیچ نہیں سکتے۔ سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی کی فروخت پر پابندی لگا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے لیز پر زمین دے سکتا ہے مگر بیچ نہیں سکتا لیکن ایسا بھی نہ ہو کہ 99 سال کی لیز دے دی جائے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایک مرلہ زمین بھی نہیں بیچ رہے، 3 سے 5 سال کی لیز پر کچھ اراضی دے رکھی ہے۔

ریلوے اراضی سے سالانہ 3 ارب روپے کی آمدن ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لیز ختم کرتے ہیں تو ریلوے کا مالی نقصان ہوگا۔

سپریم کورٹ نے ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت سے روک دیا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جو زمین ریلوے کے استعمال میں ہے اسے فروخت نہیں کیا جا سکتا، وفاق اور صوبوں کی ملکیتی زمین ریلوے 5 سال سے زائد لیز پر نہیں دے گا۔

عدالت نے کہا کہ ایسی اراضی جو ریلوے آپریشن کے لیے درکار نہیں وہ 5 سال لیز پر دی جا سکتی ہے، ریلوے کو کوئی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ریلوے اپنی اراضی پر قبضہ نہیں ہونے دے گی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ رائل پام کلب کے معاملے پر عبوری حکم جاری رہے گا، رائل پام کا قبضہ فرگوسن نے لے لیا ہے۔

رائل پام کا مسئلہ الگ سنیں گے۔

عدالت نے وفاق و صوبوں کی ریلوے اراضی سے متعلق معاملہ نمٹا دیا۔

سماعت کے بعد عدالت سے باہر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شدید اختلاف ہے، چور وزیروں کو بلایا جائے، جب بھی کوئی چور لٹیرا جیل جاتا ہے تو وہ بیمار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی دولت کو لوٹنے والے حکومت کا خرچہ کروا رہے ہیں، موجودہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو غیر آئینی سمجھتا ہوں۔

چور ہی چوروں کا احتساب کرنے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے 20 ٹرینیں مرمت کر کے چلائی ہیں، میں سینئر ترین پاکستان کا سیاسی ورکر ہوں۔

پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا حق اسپیکر کو نہیں۔ ’چور ڈاکو کیسے لوگوں کا احتساب کرے گا‘؟



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2VvnAqf

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times