Thursday, January 31, 2019

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے
کراچی سمیت صوبہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں میں رات گئے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا، سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف 16.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ سرجانی ٹاؤن میں 11.8، پہلوان گوٹھ 5.6 اور ناظم آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم کراچی میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا اور چند ایک مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔

حیدرآباد، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز میں بھی بارش ہوئی جب کہ بدین کی ساحلی پٹی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی اور موسم سہانا ہوگیا۔

دادو کے کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جب کہ بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

لودھراں شہر اور گردونواح ميں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جب کہ ملتان شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے بارز مزید اگلے 12 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سیالکوٹ شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم سرد ہوگیا جب کہ میلسی اور کمالیہ شہر میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہر صوابی، بنوں اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ ایبٹ آباد میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

گلیات میں برفباری کے باعث تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، نتھیاگلی، ایوبیہ اور چھانگلہ گلی میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے۔

 گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفہ وقفہ سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود ہے جہاں رات گئے پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔

گزشتہ روز بارش اور برفباری سےکوئٹہ اور دیگر علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوگیا اور آج صبح سے ہی مستونگ، قلات، پشین، مسلم باغ، زیارت اور بولان میں بھی مطلع ابر آلود ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2Gcm6w4

0 comments:

Popular Posts Khyber Times