Tuesday, January 1, 2019

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے ٹیموں کی گروپ مرحلے میں کوالیفکیشن کا اعلان کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے ٹیموں کی گروپ مرحلے میں کوالیفکیشن کا اعلان کردیا، جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ابتدائی طور پر عالمی درجہ بندی میں سرِفہرست 10 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بغیر ہی ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

16 ٹیموں پرمشتمل ٹورنامنٹ میں 6 ٹیموں کا انتخاب عالمی سطح پر جاری کوالیفائنگ مراحل کی تکمیل کے بعد ممکن ہوگا، آخری ایڈیشن میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو فائنل میں شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، 31 دسمبر 2018 کی ورلڈ ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست پاکستان سمیٹ ٹاپ 8 سائیڈز براہ راست ’ سپر12 ‘ مرحلے میں رسائی کی حقدار ہوں گی جبکہ 2014 کی چیمپئن اور تین بار کی فائنلسٹ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو نویں اور دسویں پوزیشنز پر ہونے کی وجہ ابتدائی راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والی دیگر6 ٹیموں کیخلاف اپنا ہنر آزمانا ہوگا۔

عالمی کپ مرحلہ وار کھیلا جائے گا، پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی، ان میں سے صرف 4 ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی سپر 12 مرحلے میں رسائی حاصل کرپائیں گی، جہاں پر رینکنگ کی ٹاپ 8 سائیڈز پہلے سے موجود ہوں گی، گزشتہ برس 31 دسمبر تک کی عالمی رینکنگ کے مطابق سر فہرست پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور افغانستان وہ ٹیمیں ہیں جو پہلے ہی سپر 12 مرحلے میں شریک ہوں گی، خیال رہے کہ عالمی درجہ بندی کے مطابق سری لنکا 9ویں جبکہ بنگلہ دیش 10ویں نمبر پر موجود ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا میلہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام سے مشہور تھا تاہم اب آئی سی سی نے اس کا نام تبدیل کرکے ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ‘ رکھ دیا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ساتواں ایڈیشن 2 سال کی تاخیر کے بعد اب سال 2020 میں آسٹریلیا میں منعقد کیا جائیگا، اس کا آخری ایڈیشن 2016 میں بھارت میں منعقد ہوا ہے، جس کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 4 وکٹ سے مات دیکر دوسری بار ٹرافی قبضے میں کی تھی ، ویسٹ انڈین ٹیم اس سے قبل 2012 میں سری لنکا میں منعقدہ ایڈیشن میں بھی چیمپئن بننے میں کامیاب رہی تھی، سری لنکا نے 2014 کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔

ان کے علاوہ انگلینڈ، پاکستان اور بھارت بھی ایک، ایک بار فاتح بن چکے ہیں،یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جو 3 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جس میں اسے ایک میں کامیابی ملی جبکہ 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، واضح رہے کہ پاکستان نے 2009 میں انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20کو یونس خان کی زیرقیادت جیتا تھا، قومی ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا تھا تاہم اس کے بعد سے اب تک پاکستان فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

2020 کا ایڈیشن 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، سپر12 مرحلے میں براہ راست کوالیفائی نہ کرپانے پر سری لنکن کپتان لسیتھ مالنگا نے اظہار مایوسی کیا، آئی سی سی اعلامیے میں جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے یہ تھوڑی مایوس کن بات ہے کہ ہم براہ راست سپر12 مرحلے میں شامل نہیں ہوپائے لیکن مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہماری ٹیم ایونٹ میں اچھا پرفارم کرنے میں کامیاب رہے گی، ہم تین فائنلز اور ایک بار فاتح بن چکے ہیں ، لہذا یہ قدرتی بات ہے کہ ہر ایک توقع رکھتا ہوگا کہ ہمیں ٹاپ 8 سائیڈز میں آنا چاہیے تھا بہرحال ہمیں ابتدائی مرحلے میں اضافی میچز کھیلنے کا موقع میسر آئیگا جس سے ہم ناک آؤٹ کیلیے بہتر انداز میں خود کو تیار کرپائیں گے۔ہمارے پاس ایسے عمدہ پلیئرز ہیں جو وقت آنے پر ہمارے لیے بہترین کھیل پیش کرسکتے ہیں، دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیاہے ۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2F0LWTR

0 comments:

Popular Posts Khyber Times