Tuesday, December 4, 2018

خاشقجی قتل؛ امریکی سینیٹ اراکین کو آج بریفنگ دی جائے گی: سی آئی اے

سعودی صحافی جمال خاشقجی
سی آئی اے کی ڈائریکٹر جینا ہیسپل سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے امریکی سینیٹ کے اراکین کو اہم بریفنگ دیں گی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تفتیشی ادارے سی آئی اے کی ڈائریکٹر جینا ہیسپل صحافی جمال خاشقجی کی استنبول کے سعودی قونصل خانے میں بہیمانہ قتل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پر آج سینیٹ اراکین کے ایک گروپ کو بریفنگ دیں گی۔

سی آئی اے کی جانب سے سینیٹ اراکین کو قتل سے متعلق حاصل ہونے والے شواہد پر بریفنگ دینے کا فیصلہ سینیٹ میں اپوزیشن اراکین کے مطالبے پر کیا گیا، سینیٹ اراکین نے صحافی کے قتل پر امریکی صدر کے بدلتے موقف پر شدید احتجاج کیا تھا اور قتل پر سی آئی اے کی بریفنگ کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع جیمز میٹس نے بھی سینیٹ کے اراکین کو صحافی کے قتل کی تفتیشی رپورٹ پر بریفنگ دی تھی تاہم سینیٹ میں موجود دونوں جماعتوں ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے اراکین سی آئی اے کی ڈائریکٹر کی براہ راست بریفنگ کے مطالبے پر قائم رہے تھے۔

واضح رہے کہ سی آئی اے کی ایک ٹیم نے رواں برس اکتوبر میں استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے بیدردی سے قتل کی تفتیش کرکے اپنی رپورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کی تھی جس میں قتل کی منصوبہ بندی میں سعودی عرب کی اہم ترین شخصیت کے ملوث ہونے کا اشارہ کیا گیا ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2QCMHYH

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times