Wednesday, December 5, 2018

شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر (ن) لیگی کارکنان اور پولیس میں تصادم

شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر (ن) لیگی کارکنان اور پولیس میں تصادم
شہبازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور اس دوران پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج کردیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی، کارکنان نے رکاوٹیں ہٹاکر عدالت کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جانب سے کارکنان کو روکا گیا تو کارکنان مشتعل ہوگئے اور اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی شروع کردی۔

پولیس اور لیگی کارکنان کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی جس کے بعد پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کردیا جس سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

پولیس کے لاٹھی چارج سے مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا جب کہ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے کارکنوں کو غلط طریقے سے ہینڈل کیا: ملک احمد

واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ مریم اورنگزیب عدالت کے احاطے میں تھیں وہاں بھی لاٹھی چارج ہوا جب کہ خواجہ عمران نذیر پر بھی پولیس نے لاٹھی چارج کیا، پولیس نے کارکنوں کو غلط طریقے سے ہینڈل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے بار کے ممبران کو بھی احتساب عدالت جانے سے روکا، کارکن (ن) لیگ کے صدر کی عدالت میں پیشی پر اظہار یکجہتی کے لیے آئے تھے، مسلم لیگ (ن) نے صورتحال خراب کرنےکا کوئی منصوبہ نہیں بنایا، پولیس نے زیادتی کی اور پر امن کارکنان پر ڈنڈے برسائے، ڈپٹی میئر لاہور پر بھی پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

(ن) لیگ کے کارکن جارحیت کے موڈ میں آئے: فیاض چوہان

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہےکہ (ن) لیگ کے کارکن جارحیت کے موڈ میں آئے اور جھگڑا شروع کیا جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دےسکتے، پولیس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، عدالت کے باہر افراد نے جان بوجھ کر پولیس سے لڑائی کی اور منصوبہ بندی کے تحت صورتحال خراب کی، (ن) لیگ نے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت پولیس سے تصادم کی صورتحال پیدا کی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2REbKI0

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times